لائیو نشریات
English News
جمعرات، 5 نومبر، 2026
پاکستان

اے آر ڈی سی کونسل کا لنڈی کوتل دورہ

November 5, 2026

اے آر ڈی سی کونسل کا  لنڈی کوتل دورہ
خیبر (زاکر آفریدی) مخصوص 12 اضلاع کی ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا لنڈی کوتل کا پہلا باضابطہ دورہ، اہم جرگہ، عوامی مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی تفصیلات کے مطابق مخصوص 12 اضلاع کی ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل (ARDC) کے چیئرمین انجینئر شوکت اللہ خان اور وائس چیئرمین ملک خان مرجان وزیر نے ضلع خیبر کے کونسل ممبران ملک صلاح الدین کوکی خیل، ملک عبدالرزاق زخہ خیل، حاجی شیرین آفریدی سپاہ، مولانا عزت اللہ ہم خیال اور ملک ظاہر شاہ اکاخیل کے ہمراہ ضلع خیبر کے سب ڈویژن لنڈی کوتل کا پہلا باضابطہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے سول انتظامیہ، پولیس حکام اور علاقے کے ممتاز عمائدین کے ساتھ ایک اہم جرگے میں شرکت کی۔ جرگے میں ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ جرگے کے دوران ضلع خیبر کے عوامی نمائندوں اور عمائدین نے چیئرمین اور وائس چیئرمین کو علاقے کو درپیش مختلف بنیادی مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ان مسائل میں بالخصوص انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی خدشات اور ترقیاتی مسائل شامل تھے۔ اس موقع پر چیئرمین انجینئر شوکت اللہ خان اور وائس چیئرمین ملک خان مرجان وزیر نے عمائدین کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل اور مطالبات غور سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ عوام کے تمام جائز مطالبات متعلقہ اعلیٰ حکام کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھائے جائیں گے، جبکہ مسائل کے پائیدار حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کا عزم ہے کہ حکومت کے ساتھ مل کر قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے، نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے مواقع پیدا کیے جائیں اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

تبصرے

ابھی کوئی تبصرہ موجود نہیں۔

تبصرہ لکھیں