خاموش اموات: زچگی کے دوران دم توڑتی مائیں اور خیبر پختونخوا کا المیہ
November 18, 2026

خاموش اموات: زچگی کے دوران دم توڑتی مائیں اور خیبر پختونخوا کا المیہ
تحریر: ذاکر آفریدی
ماں بننا ایک عورت کی زندگی کا سب سے خوبصورت مرحلہ سمجھا جاتا ہے، مگر خیبر پختونخوا کے ہزاروں خاندانوں کے لیے یہی خوشی بعض اوقات خوف اور غم میں بدل جاتی ہے۔ خصوصاً ان علاقوں میں جہاں صحت کی سہولیات محدود، تربیت یافتہ طبی عملہ ناکافی اور ہسپتالوں تک بروقت رسائی مشکل ہو، وہاں بچے کی پیدائش ماں کی زندگی کے لیے ایک بڑا خطرہ بن جاتی ہے۔
غزالہ (فرضی نام) بھی ایسی ہی ایک خاتون تھیں۔ بچے کی پیدائش مقامی ہسپتال میں ہوئی، مگر شدید خون بہنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکیں اور ہمیشہ کے لیے اپنے اہلِ خانہ کو سوگوار چھوڑ گئیں۔ غزالہ اکیلی نہیں تھیں۔ ان جیسی بے شمار خواتین ہر سال دورانِ زچگی زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں اور خاموشی سے دفن کر دی جاتی ہیں۔ ان کی اموات پر نہ تو سنجیدہ تحقیق ہوتی ہے اور نہ ہی ان اسباب کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاتے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق صرف تحصیل باڑہ میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران چار سے زائد خواتین کی دورانِ زچگی اموات رپورٹ ہو چکی ہیں، جو اس مسئلے کی سنگینی کو واضح کرتی ہیں۔
محکمہ بہبود آبادی خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے میں تقریباً دو لاکھ چھتیس ہزار خواتین مختلف بہبود آبادی منصوبوں سے مستفید ہو رہی ہیں، جبکہ رواں سال فیملی پلاننگ کی کوششوں کے نتیجے میں 120 خواتین کی زندگیاں بچائی گئیں۔ اس کے باوجود اندازوں کے مطابق خیبر پختونخوا میں ہر سال تقریباً 1,900 خواتین زچگی کے دوران جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔
کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر مہرین اقبال آفریدی کے مطابق زچگی کے دوران ہونے والی اموات کی بڑی وجوہات میں حمل کے دوران مستند ڈاکٹر کی نگرانی نہ ہونا، دیہی علاقوں میں غیر تربیت یافتہ افراد یا غیر معیاری کلینکس سے علاج کروانا، پیچیدہ زچگی کا ہسپتال کے بجائے عام زچہ و بچہ مراکز میں کرانا، اور طبی آلات کو مکمل طور پر جراثیم سے پاک نہ کرنا شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان وجوہات کی بنا پر انفیکشن خون میں شامل ہو جاتا ہے یا شدید خون بہنے کی صورت میں بروقت علاج نہ ملنے سے خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔
ڈاکٹر مہرین اقبال آفریدی کے مطابق خون کی کمی، حمل کے دوران بلند فشارِ خون، ذہنی دباؤ، غذائی قلت اور صحت سے متعلق آگاہی کا فقدان بھی زچگی کے دوران اموات میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ حاملہ خواتین متوازن غذا استعمال کریں، حمل کے دوران باقاعدگی سے مستند گائناکالوجسٹ سے معائنہ کروائیں اور غیر رجسٹرڈ کلینکس یا غیر تربیت یافتہ مراکز سے علاج کروانے سے گریز کریں۔
قبائلی اضلاع اور پہاڑی علاقوں میں حاملہ خواتین کو صحت کی سہولیات تک رسائی کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی علاقوں میں خواتین کو ہسپتال پہنچنے کے لیے گھنٹوں سفر کرنا پڑتا ہے۔ خراب سڑکیں، ٹرانسپورٹ کی کمی، ایمبولینس سروس کی عدم دستیابی اور قریبی ہسپتالوں میں ماہر گائناکالوجسٹ کی کمی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیتی ہے۔
دوسری جانب بہت سے خاندان مالی مشکلات کے باعث نجی ہسپتالوں میں علاج نہیں کرا سکتے، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات اور طبی عملے کی کمی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔
خیبر پختونخوا کمیشن برائے وقارِ نسواں کی ڈسٹرکٹ کمیٹی خیبر کی چیئرپرسن، سکینہ آفریدی نے کہا کہ خواتین کے لئے کمیشن اقدامات اٹھا رہی ہے اس وجہ سے تمام صحت مراکز کے لئے مراسلہ بھیج دیا ہے کہ زچہ بچہ سنٹر اپنا ڈیٹا جمع کرے تاکہ ان کے کمیشن اقدامات اٹھائے خواتین کے حوالے سے جو کیسز ہے ان کو متعلقہ محکمہ کو ریفر کیا جاتا ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھاتے ہے کمیشن ریفر سسٹم پر کام کرتا ہے انہوں نے کہا کہ کمیشن مانیٹرنگ کا کام کرتا ہے اور محکمہ صحت کو بھی اس حوالے سے مراسلہ بھیج دیا ہے اور جو خواتین کے حوالے سے قانون سازی ہوتی ہے اس میں بھی کمیشن کام کرتا ہے تاکہ زچہ بچہ کے حقوق کے تحفظ ہوں ۔ اگر کوئی کیس اموات کے حوالے سے آتا ہے تو ان پر کمیشن کام کرتا ہے اور متعلقہ محکمہ کو ریفر کرنے کے ساتھ اس کے حل کے لئے اقدامات اٹھاتے ہے
قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 2023 کے دوران تقریباً 11 ہزار خواتین زچگی کے دوران جاں بحق ہوئیں۔ ان اعداد و شمار کے مطابق ملک میں روزانہ اوسطاً 27 خواتین دورانِ زچگی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زچگی کے دوران ہونے والی زیادہ تر اموات بروقت طبی سہولیات، تربیت یافتہ عملے، محفوظ زچگی، حمل کے دوران باقاعدہ طبی معائنے اور ہنگامی طبی امداد کی دستیابی سے روکی جا سکتی ہیں۔
ایک ماں کی زندگی بچانا صرف ایک فرد کو بچانا نہیں بلکہ ایک پورے خاندان، ایک نسل اور ایک معاشرے کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ خیبر پختونخوا میں محفوظ زچگی کے لیے اقدامات ضرور جاری ہیں، مگر حقیقی کامیابی اس وقت حاصل ہوگی جب ہر عورت، چاہے وہ شہر میں رہتی ہو یا کسی دور افتادہ گاؤں میں، اسے بروقت، معیاری اور محفوظ طبی سہولیات میسر ہوں۔
کیونکہ ایک صحت مند ماں ہی ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔
تبصرے
ابھی کوئی تبصرہ موجود نہیں۔