گورنمنٹ ڈگری کالج اکاخیل کا منفرد افتتاح،فیتہ کاٹنے کے بجائے طلباء کے لیے مالیاتی و ڈیجیٹل آگاہی سیشن کا انعقاد
November 16, 2026

گورنمنٹ ڈگری کالج اکاخیل کا منفرد افتتاح،فیتہ کاٹنے کے بجائے طلباء کے لیے مالیاتی و ڈیجیٹل آگاہی سیشن کا انعقاد!
باڑہ، 14 نومبر 2026: گورنمنٹ ڈگری کالج اکاخیل کا افتتاح روایتی فیتہ کاٹنے کی تقریب کے بجائے طلباء کے لیے مالیاتی شعور، سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل معیشت سے متعلق آگاہی سیشن کے ذریعے کیا گیا۔ اس سرگرمی کا انعقاد انسٹی ٹیوٹ آف ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ (IDE) اور کالج انتظامیہ کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں پرنسپل نور محمد، طلباء اور تدریسی و انتظامی عملے نے شرکت کی۔
سیشن سے خطاب کرتے ہوئے IDE کے بانی و مینٹور کامران آفریدی نے طلباء کو مالیاتی خواندگی (Financial Literacy)، ڈیجیٹل مارکیٹس، جدید کاروباری رجحانات اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں سرمایہ کاری کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں روایتی تعلیم کے ساتھ مالیاتی شعور اور ڈیجیٹل مہارتوں کا حصول بھی ضروری ہے۔ نوجوانوں کو آمدن، اخراجات، بچت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ذمہ دارانہ فیصلوں کے قابل بنانے کے لیے مالیاتی آگاہی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے طریقۂ کار اور سرمایہ کاری کے ممکنہ خطرات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ کسی بھی سرمایہ کاری سے قبل مناسب تحقیق اور مستند معلومات حاصل کریں تاکہ مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب کالج کے پرنسپل نور محمد نے ادارے کو درپیش بنیادی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود انتظامیہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ لیکن کالج کو سولر سسٹم، کمپیوٹر لیب کے لیے مزید کمپیوٹرز اور طلباء کی بنیادی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے اضافی وسائل درکار ہیں۔
واضح رہے کہ روایتی افتتاحی تقریب کے بجائے آگاہی سیشن کا انعقاد نوجوانوں کو جدید معاشی تقاضوں، سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل مہارتوں سے روشناس کرانے کی ایک کوشش ہے، جبکہ اس موقع پر کالج کو درپیش بنیادی سہولیات کے مسائل بھی اجاگر کیے گئے۔
تبصرے
ابھی کوئی تبصرہ موجود نہیں۔