اے آر ڈی سی کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔
November 16, 2026

خیبر (ذاکر آفریدی) شلوبر قومی کونسل کے زیر اہتمام ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل (اے آر ڈی سی) کے ممبران مولانا عزت اللہ ہمخیل، چیف آف اکاخیل ملک ظاہر شاہ آفریدی اور حاجی شیرین آفریدی کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں ڈی ایس پی باڑہ سرکل ملک اکبر آفریدی، مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر ظاہر شاہ، ایس ایچ او لعل کلام، قومی مشر حاجی اعتبار گل اور خیبر یونین کے سابق صدرحاجی بازار گل سمیت سیاسی، سماجی اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شلوبر قومی کونسل کے صدر لعل نبی آفریدی، حاجی مجیب الرحمٰن اور اصغر خان نے اے آر ڈی سی ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ علاقے کی پسماندگی کے خاتمے، عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے تیراہ متاثرین کی باعزت واپسی، علاقے میں مستقل امن، تعلیم کے فروغ اور سرکاری ملازمتوں میں ضلعی سطح پر کوٹہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
اے آر ڈی سی ممبران نے استقبال پر شلوبر قومی کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اولین ترجیح پروٹوکول نہیں بلکہ عوامی خدمت اور مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کی واپسی روکنے اور انہیں متعلقہ منصوبوں پر خرچ کرنے کے لیے کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ممبران نے واضح کیا کہ اے آر ڈی سی کا قیام کسی سیاسی جماعت، گورنر راج یا ایمرجنسی کے تناظر میں نہیں بلکہ قبائلی روایات، رسم و رواج اور باہمی مشاورت کے تحت عمل میں لایا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد عوامی خدمت، علاقے کی آبادکاری اور ترقی ہے۔
تبصرے
ابھی کوئی تبصرہ موجود نہیں۔